ویوین رچرڈز کا بابر اعظم پر اعتماد، پاکستان کرکٹ کی بحالی کی امید

ویوین رچرڈز کا بابر اعظم پر اعتماد، پاکستان کرکٹ کی بحالی کی امید

اسلام آباد: ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر اور سابق کپتان سر ویوین رچرڈز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ٹیم پر برا وقت آتا ہے، لیکن انہیں یقین ہے کہ پاکستان جلد ایک مضبوط ٹیم کے طور پر دوبارہ ابھرے گا۔

کرکٹ پاکستان کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سر ویوین رچرڈز نے بابر اعظم کی حالیہ فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “کنگ وہی ہوتا ہے جو سب پر حکومت کرے، مجھے امید ہے کہ بابر اپنی فارم جلد واپس حاصل کر لیں گے۔” انہوں نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو ایسے کھلاڑی قرار دیا جو کرکٹ کے ساتھ انصاف کرتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے حوالے سے رچرڈز نے کہا کہ اس کا جواب کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو خود تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ باصلاحیت کرکٹرز رہے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ایک دلچسپ سوال کے جواب میں کہ کیا وہ ماضی میں وسیم اکرم کی پٹائی کے لیے پاکستانی ڈریسنگ روم گئے تھے، ویوین رچرڈز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "ہم سب کو کبھی نہ کبھی غصہ آتا ہے، لیکن عمر کے ساتھ ہم سیکھتے ہیں اور بہتر انسان بنتے ہیں۔"

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے رچرڈز نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک دلیر کپتان رہے ہیں، وہ دل سے قیادت کرتے تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں سرفراز جیسا جذبہ رکھنے والے کھلاڑی دوبارہ سامنے آئیں گے۔ویوین رچرڈز کا یہ انٹرویو پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے امید کی ایک کرن ثابت ہو سکتا ہے جو حالیہ عرصے میں ٹیم کی کارکردگی سے مایوس نظر آ رہے ہیں۔