50 ہزار ریال تک جرمانہ، 6ماہ تک قید، قید کی سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدری کی سزا دی جا سکتی ہے
ریاض( آئی این پی )سعودی وزارت داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ ان غیر ملکیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی جو مملکت میں اپنے ویزے کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی مقیم رہتے ہیں۔ یہ اعلان حج سیزن سے قبل مملکت میں زائرین کے داخلے اور قیام کو منظم کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔ عرب میڈیارپورٹ کے مطابق وزارت نے خبردار کیا کہ ویزہ ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والوں پر 50 ہزار ریال تک جرمانہ، 6 ماہ تک قید، اور قید کی سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدری کی سزا دی جا سکتی ہے۔وزارت داخلہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وزٹ ویزے پر آنے والے افراد کو حج کی اجازت نہیں ہے۔ تمام غیر ملکیوں اور زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ویزے کی شرائط پر سختی سے عمل کریں اور مقررہ مدت کے اندر مملکت سے روانہ ہو جائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔