سعودی عرب میں گداگری میں ملوث 4 ہزار 300 پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کر دئیے گئے
انسانی سمگلنگ میں ملوث 200 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے: قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر ِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے پاکستان سے کوئی فیک پاسپورٹ پر سفر نہیں کر سکتا،سعودی عرب میں گداگری میں ملوث 4 ہزار 300 پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کر دئیے گئے۔ بدھ کو قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس خرم شہزاد نواز کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں انسانی سمگلنگ سے متعلق اقدامات پر کمیٹی میں بحث ہوئی۔طلال چودھری نیوزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سعودی عرب نے گداگری سمیت مختلف جرائم میں ملوث 4 ہزار 300 افراد کی لسٹ بھیجی تھی، ان تمام افراد کو واپس لاکر ان کے پاسپورٹ منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستانی پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کا ہے اور اس پر جعلسازی ممکن نہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث 200 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اس موقع پر زرتاج گل نے کہا کہ بہت سارے عرب ممالک میں ڈی جی خان کے افراد پر پابندی لگا دی گئی ہے۔وزیر مملکت طلال چودھری نے کمیٹی کو بتایا اسلحہ لائسنس تمام صوبے بنارہے ہیں، پہلے اسلام آباد میں بہت زیادہ لائسنس بنے تھے، جن میں کچھ غیرمناسب چیزیں بھی سامنے آئیں، ایم این ایز کو ایک لائسنس وزیراعظم کی منظوری سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ بور کا لائسنس کھولا ہے لیکن وہ ہم بہت ہی کم دیں گے، اراکین پارلیمنٹ کے تجویز کردہ لوگوں کومحدود پیمانے پرممنوعہ بور کے لائسنس دیں گے