دبئی: پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود تھے، تاہم نئی رینکنگ میں ابرار احمد نے انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون پوزیشن اپنے نام کرلی۔ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔پاکستان کے محمد نواز ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے 47 درجے کی بڑی چھلانگ لگائی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔انگلینڈ کے جوز بٹلر نے سیریز کے دوران 172 رنز بنائے، جس کے بعد وہ رینکنگ میں ایک درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں اور ہیری بروک سے صرف ایک درجے پیچھے ہیں۔پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔
ون ڈے رینکنگ
دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے بھی نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ وہ پانچ درجے بہتری کے بعد 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔نئی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے ابرار احمد کی پہلی پوزیشن نمایاں پیش رفت ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ میں صاحبزادہ فرحان کا ٹاپ تھری میں شامل ہونا بھی پاکستان کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔