فرانس، پیرس: جنوبی افریقہ کے سفیر ایمانوئلن نکوسیناتھ متھتھوا پراسرار حالات میں ایک لگژری ہوٹل کے صحن میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
فرانسیسی پراسیکیوٹر کے مطابق 58 سالہ سفیر پیر کی شام لاپتہ رپورٹ کیے گئے تھے، جب ان کی اہلیہ کو ایک تشویشناک پیغام موصول ہوا، جس میں انہوں نے معافی مانگی اور اپنی جان لینے کے ارادے کا ذکر کیا۔ اگلی صبح ہوٹل کے سکیورٹی گارڈ نے ان کی لاش دریافت کی۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سفیر نے ہوٹل کی 22ویں منزل پر کمرہ بک کیا تھا جہاں کھڑکی کا حفاظتی لاک زبردستی کھولا گیا۔ پولیس کو نہ کسی لڑائی جھگڑے کے آثار ملے اور نہ ہی کسی نشہ آور دوا یا منشیات کے شواہد۔
جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے سفیر کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ متھتھوا کو دسمبر 2023 میں فرانس میں سفیر مقرر کیا گیا تھا، اور اس سے قبل وہ جنوبی افریقہ میں وزیرِ پولیس اور وزیرِ کھیل و ثقافت کے عہدے بھی سنبھال چکے تھے۔پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے ہوٹل کے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد حاصل کر لیے ہیں تاکہ موت کی وجوہات کی تصدیق کی جا سکے۔