لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور چوکوں کا دورہ کرکے ٹریفک فلو اور روڈ ٹریفک انجینئرنگ سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شاہدرہ چوک، امامیہ کالونی پھاٹک، برکت پلی، السعید چوک اور سگیاں سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کیا، جبکہ فیروزپور روڈ پر ٹریفک مسائل، پارکنگ اور پارکنگ پلازوں کے اطراف ٹریفک صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔سی ٹی او لاہور نے مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ کے مختلف انٹرسیکشنز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سرکل افسران نے انہیں روڈ انجینئرنگ مسائل اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سی ٹی او نے متعلقہ افسران سے مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی رپورٹس طلب کرلیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک فلو میں رکاوٹ بننے والے انجینئرنگ مسائل کے مستقل حل کے لیے رپورٹس ٹیپا کو بھجوائی جا رہی ہیں۔ منظم ٹریفک اور ٹریفک کی روانی اولین ترجیح ہے، جبکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔