لاہور(کرائم رپورٹر) شاہ عالم مارکیٹ کی فاطمہ مارکیٹ میں سات منزلہ پلازہ کی چوتھی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے رات گئے آگ پر قابو پالیا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ عمارت سات منزلہ ہے، تاہم آتشزدگی کے واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے موقع پر پہنچ کر فائر فائٹنگ آپریشن کی خود نگرانی کی اور متاثرہ عمارت کے اطراف سے ٹریفک اور غیر متعلقہ افراد کو ہٹانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی کا کہنا تھا کہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، شہریوں کی سلامتی اور مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آتشزدگی سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر انحصار کریں۔