غیر قانونی گیس فلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران مزاحمت کی گئی
ملزموں نے گیس سلنڈر کا پریشر کھول کر حادثے کا خدشہ پیدا کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) لوئر مال کے علاقے میں غیر قانونی گیس فلنگ کے خلاف کارروائی کرنے والی سول ڈیفنس ٹیم سے مزاحمت اور حملے کے واقعے پر پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیم غیر قانونی طور پر گیس فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہی تھی کہ نجی گیس فلنگ کرنے والے ملزمان نے مزاحمت شروع کردی۔ ملزمان نے غصے میں آکر گیس سلنڈر کا پریشر کھول دیا، جس سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔15 کی کال موصول ہوتے ہی لوئر مال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان امتیاز اور نعمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کہا کہ کارِ سرکار میں مداخلت اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔