چمن اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.8 ریکارڈ

چمن اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.8 ریکارڈ

چمن: بلوچستان کے سرحدی شہر چمن اور گردونواح سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق چمن اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز چمن کے قریب واقع پہاڑی سلسلے میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کسی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔حکام کے مطابق زلزلے کے بعد متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مختلف علاقوں سے نقصانات سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی گزشتہ روز زلزلے کے جھٹکے
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں چترال، سوات، ملاکنڈ اور ضلع مہمند سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خیبرپختونخوا میں آنے والے زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 196 کلومیٹر تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ دونوں واقعات کے بعد فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔