وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، مردان، چارسدہ، مہمند، تخت بھائی، بونیر اور ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ لنڈی کوتل کے شینواری ایریا، ذخہ خیل بازار، شلمان اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔