حرمین شریفین میں مسنون اعتکاف کی رجسٹریشن 5 مارچ سے شروع ہوگی

حرمین شریفین میں مسنون اعتکاف کی رجسٹریشن 5 مارچ سے شروع ہوگی

ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے اعلان کیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی مقدس مساجد میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 5 مارچ بروز بدھ کو ہوگا۔

رجسٹریشن کا عمل صبح 11 بجے سے شروع ہوگا اور یہ اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔ درخواستیں مخصوص تعداد میں مکمل ہونے تک جاری رہیں گی، اور اجازت نامے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔اعتکاف 20 رمضان (20 مارچ) کو شروع ہوگا اور ماہِ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گا۔ اس دوران، معتکفین خود کو نماز، قرآن کی تلاوت اور ذکر و اذکار کے لیے وقف کر دیں گے، جو کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔اتھارٹی کے مطابق، اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کے مخصوص شرائط و ضوابط ہوں گے، جن پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔سعودی عرب میں رمضان کا آغاز یکم مارچ کو ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ ہزاروں عبادت گزار حرمین شریفین میں اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے، تاکہ وہ روحانی یکسوئی اور عبادت میں مصروف ہو سکیں۔