جنید اکبر نے اپنے بیان کے ذریعے عوام کو اسلام آباد آنے پر اکسایا اور اشتعال دلایا، تاجر
اسلام آباد(آئی این پی) پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے مبینہ متنازع بیان کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد کے تاجر وقاص احمد نے وکیل اختر چھینہ کے ذریعے جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔درخواست گزار نے مقف اختیار کیا ہے کہ جنید اکبر نے اپنے بیان کے ذریعے عوام کو اسلام آباد آنے پر اکسایا اور اشتعال دلایا، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر کے فیصلے کی مبینہ خلاف ورزی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جنید اکبر کا بیان عدالتی فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، لہذا عدالت ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے۔درخواست گزار نے موقف کی تائید میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔