پولیو ٹیم پر حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے:بابر یوسفزئی
کوئٹہ(آئی این پی) ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پولیو مہم کی ٹیم کی سکییورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالراف جاں بحق ہوگئے۔حملہ آور فائرنگ کے بعد شہدا کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی اور فتن الہندوستان کو براہ راست ذمہ دار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فتن الہندوستان نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ پولیو ٹیم پر حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، فتن الہندوستان بلوچستان کے امن اور بچوں کے مستقبل کا کھلا دشمن ہے، دہشت گرد عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن آئے، ترقی ہو اور بیماریوں کا خاتمہ ہو۔ وہ نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھیں