ٹائر جلانے والا غیر قانونی یونٹ سیل، ناجائز تعمیرات مسمار

شہریوں کی شکایت پر بگھی روڈ ہلہ منہیس والا میں اے سی کی سربراہی میں کارروائی 
قصور،پتوکی (خصوصی رپورٹ ) بگھی روڈ ہلہ منہیس والا میں غیر قانونی طور پر ٹائر جلانے والا یونٹ سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نشتر رحمان لودھی کو اہل علاقہ فقیر محمد، انور سجاد، نذیر حسین، محمد حسن اور محمد علی کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی کہ ہلہ منہیس والا میں دن رات ٹائر جلا کر ان کا تیل نکالا جاتا ہے جس کے باعث گردونواح کی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اس عمل سے فضا میں آلودگی اور سموگ پھیل رہی ہے جبکہ اردگرد کے مکینوں کے ساتھ ساتھ مویشی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے اے سی پتوکی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ اور پیرا فورس کے ہمراہ چھاپہ مارا، جہاں وسیع پیمانے پر ٹائر جلانے کا کام جاری تھا۔ کارروائی کے دوران یونٹ کو فوری طور پر بند کروا کر سیل کر دیا گیا اور ناجائز تعمیرات بھی مسمار کر دی گئیں۔