اسلام آباد، سید پور میں آپریشن،200 غیر قانونی تعمیرات مسمار

 محسن نقوی کا سید پور ویلج کا دورہ،آپریشن کا جائزہ ،سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد کے سید پور ماڈل ویلج اور اس کے اطراف میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جا ی ہے ۔آپریشن کے دوران اب تک 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار جبکہ نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے، کئی سال سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں سے عمارتیں بھی خالی کرا لی گئی ہیں۔حکام کے مطابق 2005 کے بعد تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے جس میں سیٹلائٹ امیجری کی مدد سے نشاندہی کی جا رہی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ویلج کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے اور خالی کرائی گئی عمارتوں کو شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ سید پور ویلج کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفیکیشن کا عمل اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور شہریوں کو نیا تفریحی مقام فراہم کرے گا، سید پور کو عالمی معیار کا تفریحی اور کمرشل مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے