بانی کی رہائی کیلئے سب ایک ، ان کی قیادت میں قوم حق کی جنگ لڑ رہی
قوم متحد ہو تو کوئی طاقت آزادی کی راہ نہیں روک سکتی، وزیراعلیٰ پختونخوا
پشاور(خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف نے 27 ستمبر کے پشاور جلسے کو عمران خان کی رہائی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیدیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پشاور کا جلسہ تاریخ رقم کرے گا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ضلع پشاور پی ٹی آئی کی کمیٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 ستمبر جلسے کے انتظامات اور حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت اور تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔جلسے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ عمران خان کی کال پر 27 ستمبر کا تاریخی جلسہ پشاور میں ہوگا، جلسہ رنگ روڈ موٹروے چوک کے قریب منعقد کیا جائے گا، جلسہ شام 4 بجے شروع ہوگا، جلسے میں درود و سلام اور اجتماعی دعا کا خصوصی اہتمام ہوگا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے سب ایک ہیں، عمران خان کی قیادت میں قوم اپنے حق کی جنگ لڑ رہی ہے، سب نے ایک ہو کر خان کی تحریک کو مزید مضبوط بنانا ہے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پشاور کا اجتماع تحریک انصاف کا تاریخی باب ثابت ہوگا، قوم متحد ہو تو کوئی طاقت آزادی کی راہ نہیں روک سکتی ، یہ تحریک عوام کے مستقبل اور انصاف کے قیام کی جدوجہد ہے۔