ایک کو زندہ بچالیاگیا2کنٹریکٹرز ڈسپوزل سٹیشن پر موٹر ٹھیک کرنے نالے میں اترے، گیس کیوجہ سے چکرا کر گر گئے،2 بچانے کیلئے کودے
لاہور (کرائم رپورٹر)رائے ونڈ کے علاقے گندی بمبیاں امین پورہ بستی میں ٹیوب ویل کے اندر واسا سیوریج ڈرین میں 4افراد ڈوب گئے ،ایک واسا اہلکار سمیت 3افرادجاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ایک زخمی واسا اہلکار کو نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔عینی شاہدین کے مطابق پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کے کنٹریکٹرز ڈسپوزل سٹیشن پر موٹر ٹھیک کرنے نالے میں اترے تو گیس کی وجہ سے چکرا کر نیچے گر گئے،پہلے دو افراد نالے میں گرے تو انہیں بچانے کیلئے مزید دو افراد بھی کود گئے ،ابتدا میں پانی کی گہرائی تقریباً 10 فٹ تھی جو وقت گزرنے کے ساتھ 20 سے 25 فٹ تک بڑھ گئی ،ریسکیو ٹیموں نے بھاری مشینری اور دیگر آلات کا استعمال کر کے لاشیں نکالیں۔ڈوبنے والے افراد کے لواحقین موقع پر موجود رہے ۔ اہل علاقہ نے واسا انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر شدید تنقید کی ہے۔