سلنڈر دھماکا، مکان تباہ ،3ہلاک ،7زخمی

 نادر مارکیٹ کے قریب دھماکے سے پہلی منزل گر ی ، 55 سالہ عذرا ، 19 سالہ آفتاب اور 2 سالہ صائم مارے گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے مکان زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر بچے سمیت 3افراد جاں اور 7افراد زخمی ہو گئے ،ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ پیپسی روڈ نادر مارکیٹ کے قریب صبح 8بجے ناشتہ بناتے ہوئے گھر کے کچن میں موجود گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گھر کی پہلی منزل زمین بوس ہو گئی جبکہ علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے 7 افراد 20 سالہ صبا ، 50 سالہ عشرت ، 16 سالہ عتیقہ، 40 سالہ رخسانہ، 21 سالہ شہر بانو، 24 سالہ عروج، 16 سالہ حبیب کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال پہنچایا جبکہ 55 سالہ عذرا ، 19 سالہ آفتاب اور 2 سالہ صائم کی لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔