تشدد کا شکار اونٹنی کی حالت نازک ، فوری سرجری کی سفارش

کراچی(خصوصی رپورٹ)تشدد کا شکار اونٹنی ’’چاندنی‘‘کی حالت نازک،میڈیکل بورڈ نے فوری سرجری و انتہائی نگہداشت کی سفارش کردی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ملیر میں قائم سی ڈی آر ایس شیلٹر کے میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ موصول ہوگئی۔ شاہ پٹی ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والی دو سالہ ایک کوہان والی اونٹنی چاندنی کو 19 ستمبر کو شدید زخمی حالت میں داخل کیا گیا تھا۔ ماہرین کے بورڈ نے متفقہ طور پر چاندنی کی پچھلی دائیں ٹانگ کاٹنے (ایمپیوٹیشن) کی سفارش کی کیونکہ ٹانگ میں حس ختم ہوچکی ہے اور سوجن کی وجہ سے خون میں زہر (سیپٹی سیمیا) کا خطرہ ہے۔ ساتھ ہی ٹوٹے ہوئے جبڑوں کی جراحی بھی ضروری قرار دی گئی تاکہ خوراک لینے میں دشواری کے باعث پیدا ہونے والی پانی کی کمی، نمونیا اور سانس کی نالی میں غذا جانے جیسے خطرات سے بچایا جا سکے۔شدید خون کی کمی دور کرنے کے لیے فوری طور پر خون کی منتقلی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔میڈیکل ٹیم نے واضح کیا کہ چاندنی کی حالت نازک ہے، جس میں خون کے پیراسائٹس کا انفیکشن، خون کی کمی اور پانی کی کمی بنیادی مسائل ہیں، جراحی سے قبل اونٹنی کی صحت کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیکل ٹیم کو ہدایت دی کہ چاندنی کی صحت بہتر بنانے کو سب سے اہم سمجھا جائے اور فوری طور پر تمام ضروری وسائل اور جدید ویٹرنری سہولتیں فراہم کی جائیں۔