وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا ویلنٹائن ڈے منفرد انداز میں منانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا ویلنٹائن ڈے منفرد انداز میں منانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے منفرد انداز میں منانے کا اعلان کیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ ویلنٹائن ڈے مختلف انداز میں مناتے ہیں، لیکن ہم اسے اپنے طریقے سے منائیں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عام طور پر ویلنٹائن ڈے دو افراد کے درمیان محبت کے اظہار کا دن سمجھا جاتا ہے، مگر خیبرپختونخوا حکومت اسے عوامی فلاح و بہبود کے دن کے طور پر منائے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اس دن پورے صوبے کے عوام کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کر کے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اچھی مینجمنٹ کے باعث صحت کارڈ پروگرام میں سالانہ 11 ارب روپے کی بچت کی ہے، جبکہ ماضی میں 10 سے 12 ارب روپے کی ادویات خریدی جاتی تھیں، جو اب صرف 5 ارب روپے میں حاصل کی جا رہی ہیں۔علی امین گنڈاپور نے اس اقدام کو عوام کے لیے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔