ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس طلب کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے خط میں کہا کہ سی سی آئی کا آخری اجلاس جنوری میں ہوا تھا اور آئین کے آرٹیکل 154 کے مطابق 90 دن میں اس کا اجلاس ہونا ضروری ہے۔
خط میں کیا کہا گیا؟
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے خط میں کہا کہ بدقسمتی سے آئین کی اس شق پر عمل نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے صوبوں کے اہم معاشی مفادات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی آئی کا اجلاس صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے۔
اجلاس کا مقصد:
وزیراعلیٰ نے خط میں مطالبہ کیا کہ سی سی آئی کا اجلاس بلا کر موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تاکہ صوبوں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں اور وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر تعاون قائم ہو۔علی امین گنڈاپور نے زور دیا کہ سی سی آئی کا اجلاس بروقت طلب کیا جائے تاکہ صوبوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔