71 سالہ بھارتی خاتون لیلا جوز کا شاندار کارنامہ: 13 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائے ڈائیونگ

71 سالہ بھارتی خاتون لیلا جوز کا شاندار کارنامہ: 13 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائے ڈائیونگ

بھارتی ریاست کیرالہ کی 71 سالہ خاتون لیلا جوز نے اپنی ہمت اور عزم سے سب کو حیران کر دیا۔

 انہوں نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائے ڈائیونگ کر کے یہ ثابت کیا کہ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ان کا یہ کارنامہ ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا پر سامنے آیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ لوگوں نے لیلا جوز کی جرات اور ولولے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔رپورٹس کے مطابق لیلا جوز کیرالہ کی سب سے معمر خاتون قرار دی جا رہی ہیں جنہوں نے اسکائے ڈائیونگ کا شوق پورا کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ خواب ان کے دل میں بچپن سے تھا، جب وہ اپنے آبائی شہر کے اوپر سے گزرنے والے ہوائی جہازوں کو دیکھ کر سوچتی تھیں کہ ایک دن وہ بھی آسمان کی بلندیوں کو چھوئیں گی۔انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اپنے اس خواب کا ذکر دوستوں سے کیا تو سب نے ہنس کر بات ٹال دی، مگر انہوں نے اپنے جذبے کو کبھی مرنے نہیں دیا اور کئی دہائیوں بعد بالآخر اسے حقیقت میں بدل دیا۔

لیلا جوز نے بتایا کہ انہوں نے یہ کارنامہ گزشتہ ماہ دبئی میں سرانجام دیا، جہاں وہ اپنے بیٹے سے ملنے گئی تھیں۔ جب انہوں نے بیٹے کو اسکائے ڈائیونگ کی خواہش بتائی تو وہ پہلے تو حیران رہ گیا اور اسے مذاق سمجھا، لیکن پھر ماں کی سنجیدگی دیکھتے ہوئے دبئی اسکائے ڈائیونگ ٹیم سے فوری رابطہ کیا۔اسکائے ڈائیونگ ٹیم کے اہلکار بھی ان کی عمر دیکھ کر دنگ رہ گئے، مگر لیلا جوز کے جذبے اور حوصلے نے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے تمام حفاظتی مراحل مکمل کرنے کے بعد کامیابی سے یہ مہم سرانجام دی۔لیلا جوز کے اس کارنامے کو نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں ایک بڑی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ زندگی میں خواب پورے کرنے کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی۔