پی ڈی ایم اے افسر عبدالرحمان دورانِ ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

لاہور( آئی این پی ) پی ڈی ایم اے پنجاب کے افسر عبدالرحمان دورانِ ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، وہ بطور ڈی ڈی ایم اوملتان فرائض انجام دے رہے تھے۔تفصیل کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے افسر عبدالرحمان دورانِ ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ترجمان پ نے بتایا کہ مرحوم بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ڈی ڈی ایم او) ملتان فرائض انجام دے رہے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان گزشتہ ایک ماہ سے سیلاب ایمرجنسی ڈیوٹی پر مسلسل مامور تھے اور انہوں نے ملتان، جلالپور پیروالا اور علی پور میں ریسکیو آپریشنز کے دوران اہم خدمات انجام دیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے افسر عبدالرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مشکل حالات میں عوام کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلی مریم نواز نے پی ڈی ایم اے افسرعبدالرحمن کے دوران ڈیوٹی انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔