کوئٹہ(آ ئی این پی ) بلوچستان میں تخریب کاری کا بڑامنصوبہ ناکام بنادیا گیا ،ضلع کیچ کے علاقے گوگدان اور ڈنک کے درمیان سڑک پر ایک نصب شدہ بم برآمد ہوا، جس کے بعد سڑک بند کر دی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ایک آئی ای ڈی تھا جو سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا اور اس کی برآمدگی سے ایک بڑے دھماکے کو روک لیا گیا ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں تعینات پولیس اور فرنٹیئر کور ایف سی کے اہلکاروں نے سائٹ کو گھیر لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بم کی تلاشی اور اس کو ناکارہ بنانے کیلئے بی ڈی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچی جبکہ پورا علاقہ خالی کروا دیا گیا ہے، اس سلسلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جو سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کی عکاسی کرتا ہے۔مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پولیس نے متبادل راستوں کا بندوبست کیا ہے اور ٹریفک کو ان راستوں سے ڈائریکٹ کیا جا رہا ہے۔ترت پولیس اسٹیشن کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اٹھایا گیا ہے