لوگ الیکٹرک بسیں آنے پر عید کی طرح خوشیاں منا رہے ہیں مریم نواز

شہری اب باعزت سفر کریں گے، بزرگوں، خواتین، خصوصی افراد اور طلبہ کے لیے بس کا سفر بالکل مفت ہو گا، بس میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ بنایا گیا 
پنجاب کے عوام کومعیاری ٹرانسپورٹ سہولت کی فراہمی ترجیح ہے، چھوٹے شہروں میں الیکٹرک بسیں فراہم کی جارہی ہیں،وزیر اعلی پنجاب نے بہاولنگر میں سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں
بہاولنگر، ساہیوال(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرگودھا کے بعد ساہیوال میں بھی الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے بہاولنگر میں سلائی مشین پر کام کرنیوالی خواتین کے کیمپ کا دورہ کیا، خواتین کے ساتھ وقت گزارا، خود بھی سلائی کی، سیلاب سے متاثرہ بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور اظہار شفقت کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز سیلاب متاثرین کے ساتھ کھانا بھی کھایا اور اس کے بعد وہ ساہیوال چلی گئیں۔مریم نواز نے ساہیوال میں الیکٹرک بسوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ لوگ الیکٹرک بسیں آنے پر عید کی طرح خوشی منا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے شہری اب باعزت سفر کریں گے، بزرگوں، خواتین، خصوصی افراد اور طلبہ کے لیے بس کا سفر بالکل مفت ہو گا۔ نوجوانوں سے کہتی ہوں آپ کے لئے یہ سروس بالکل فری ہے، بس میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ریمپ بنایا گیا ہے، ساہیوال کے لوگ اب باعزت سواری میں سفر کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کومعیاری ٹرانسپورٹ سہولت کی فراہمی ترجیح ہے، پنجاب کے چھوٹے شہروں میں الیکٹرک بسیں فراہم کی جارہی ہیں، ساہیوال کے لیے 30الیکٹرک بسیں مختص کی ہیں، الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20روپے ہوگا، سپیشل افراد، خواتین، بزرگ، طلبا فری سفر کرسکیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین باعزت اور محفوظ سفر کرسکیں گی، بسوں میں چارجنگ پورٹ اور وائی فائی کی سہولت موجود ہے، ملک بھرمیں نوازشریف کے دورکی ترقی کے نشان ہیں۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے ویلکم کرنے والوں کے لب پر نواز شریف زندہ باد کا نعرہ ہے۔ ریلیف کیمپ میں پیدا بچے کا نام ماں نے نواز شریف رکھا ہے، ایک بچی کی ماں نے نام مریم نواز رکھا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں وزیراعظم اور پاکستان کو ملنے والی عزت سب کو مبارک ہو، پاکستان کو حرمین شریفین کا محافظ بننے کا اعزاز ملا ہے۔