پنجاب کے ہر علاقے میں ضرورت کے مطابق الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی مریم نواز

 1500 بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب کی سڑکوں پر تقریبا 3 ہزار بسیں چل رہی ہوں گی:وزیراعلی کاتقریب سے خطاب
  مریم نواز سے ازبکستان کے خود مختار خطے  کے  وفد  کی ملاقات،  دوطرفہ تعلقات  پرتبادلہ خیال ، لاہور اور نوکس کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی تجویز پر  غور
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  صوبے میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے اور مزید 1500 بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب کی سڑکوں پر تقریبا 3 ہزار بسیں چل رہی ہوں گی، حکومت کا ہدف پنجاب کی تمام تحصیلوں تک ماحول دوست، جدید اور کم کرائے والی سفری سہولتیں پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔ لاہور میں پنجاب کے 6 اضلاع میں گرین الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے، ، بعض علاقوں کو 10، 15 یا اس سے زیادہ بسیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم جہاں مزید ضرورت ہوگی وہاں بھی مرحلہ وار بسیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلی نے صوبائی اسمبلی کے ارکان سے کہا کہ اگر ان کے حلقوں میں مزید بسوں کی ضرورت ہے تو وہ حکومت کو آگاہ کریں، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے جیسے نئی بسیں موصول ہوتی جائیں گی، انہیں پنجاب کی تمام 147 یا 148 تحصیلوں تک پہنچایا جائے گا اور ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق بسوں کی تعداد بھی پوری کی جائے گی۔دریں اثناء  مریم نواز سے ازبکستان کے خود مختار خطے قراقلپاقستان کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔۔ملاقات میں پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھانے، زراعت، لائیو سٹاک، ٹیکسٹائل اور صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا، لاہور اور نوکس کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا