مری روڈ سے منسلک مصروف ترین رہائشی اور کاروباری مرکز بھابڑا بازار میں خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
موٹر سائیکل شاپس والوں نے چھتوں پر کیمیکل سپرے کے کارخانے قائم کر لیے ہیں، جہاں پینٹ سے موٹر سائیکل کی ٹینکیاں تیار کی جا رہی ہیں۔ اس عمل کے دوران بلند شعلے اور دھواں علاقے میں فضائی آلودگی پھیلانے لگے ہیں، جو صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔آگ کے بلند شعلوں اور گیس سلنڈرز کے استعمال سے حادثہ اور بڑے دھماکے کا خدشہ ہے، جبکہ کیمیکل کی تیاری کے دوران پیدا ہونے والی آلودگی سانس اور الرجی کی بیماریوں کو بڑھا سکتی ہے۔ یہ کارخانے دن رات جاری رہتے ہیں، جس سے علاقے کے رہائشی، خاص طور پر بچوں اور طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے میں موجود دو گرلز اسکول کی طالبات اور اسٹاف بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلڈنگز کی چھتوں پر آگ کے بلند ہوتے شعلے نظر آ رہے ہیں۔ سابق کونسلر ملک فہیم قیصر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیس سمیت ہر فورم پر شکایت کی ہے، مگر کسی کارروائی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بھابڑا بازار کی غیر قانونی کارخانے فوری طور پر منتقل کیے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔