ویب ڈیسک: ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا سامنا ہے۔
گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد پہلے درجے کا گھی اور کوکنگ آئل 10 روپے اضافے کے بعد 582 روپے فی لیٹر/کلو تک پہنچ گیا ہے، جبکہ دوسرے درجے کا گھی اور تیل 540 روپے فی لیٹر/کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔اس کے علاوہ چینی کی قیمت میں بھی 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد چینی کی قیمت 179 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اضافے عالمی منڈی میں نرخوں کے بڑھنے اور سپلائی چین کے دباؤ کے باعث ہوئے ہیں، اور مزید قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اشیاء کی بڑھتی قیمتوں نے ان کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ دوسری جانب، ٹماٹر کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جو اب 500 سے 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہیں، جبکہ سرکاری نرخ 368 روپے فی کلو مقرر ہیں۔ ریٹیلرز کے مطابق، قیمتوں میں اضافے کا سبب تجارتی راستوں کی بندش اور سپلائی میں کمی ہے، جس کا اثر سب سے زیادہ گلشن اقبال اور برنس روڈ کے علاقوں میں دیکھا گیا ہے۔