وفاقی حکومت نے صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کے لیے رعایتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 10 روپے فی یونٹ سے زیادہ کمی کی جا سکتی ہے، جس کا مقصد پیداواری لاگت کم کرنا، برآمدات کو فروغ دینا اور معیشت کی بہتری ہے۔ یہ رعایتی پیکیج تین سال کے لیے نافذ العمل ہوگا، جو 1 نومبر 2025 سے 31 اکتوبر 2028 تک جاری رہے گا۔وزیراعظم شہباز شریف اس منصوبے کا باضابطہ اعلان آج کرنے کا امکان ہے۔ اس اقدام سے صنعتی اور زرعی صارفین کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے گی تاکہ توانائی کے استعمال میں بہتری اور پیداواری کارکردگی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے کاروباری اداروں پر بڑھتے ہوئے توانائی کے بوجھ میں کمی آئے گی اور پیداواری اخراجات میں کمی سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ماہرین کے مطابق، بجلی کے نرخوں میں کمی سے ملکی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکے گا، جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ حکومتی توقع ہے کہ اس رعایتی پیکیج سے صنعتی استحکام، زرعی پیداوار میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔