دو یا زائد مضامین میں فیل طلباء بورڈ امتحان کے لئے نااہل قرار

امتحانی پرچے سے غیرحاضری پر 200 اور ماہانہ ٹیسٹ سے غیرحاضری پر 100 روپے جرمانہ  ہوگا
تعلیمی نظم و ضبط یقینی بنانے کے لئے  نئی پالیسی جاری ، غیرحاضری پر جرمانہ بھی مقررکردیاگیا:مراسلہ
لاہور (زیڈ این این)پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کے سرکاری کالجوں میں زیرِ تعلیم طلباء کے لیے نئی تعلیمی پالیسی جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دو یا اس سے زیادہ مضامین میں فیل ہونے والے طلباء کو بورڈ امتحان کے لیے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔ محکمہ کی جانب سے جاری سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے طلباء جنہیں دو یا زائد مضامین میں‘‘F’’گریڈ ملے گا، ان کا داخلہ بورڈ کو ارسال نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام تعلیمی معیار بہتر بنانے اور کم از کم قابلیت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں غیر حاضری پر جرمانے کا نیا ڈھانچہ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ امتحانی پرچے سے غیرحاضری پر فی پرچہ 200 روپے جرمانہ اور ماہانہ ٹیسٹ سے غیر حاضری کی صورت میں 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا کہ اگر کوئی طالبعلم درست میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرائے بغیر امتحان سے غیر حاضر رہا تو اسے ناکام تصور کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ماہانہ، دسمبر اور پری بورڈ امتحانات میں شرکت تمام طلباء کے لیے لازمی ہوگی۔ نئی پالیسی صوبے کے تمام سرکاری کالجوں میں یکساں طور پر نافذ العمل ہوگی۔