پنجاب حکومت کا تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کرنیکا فیصلہ

  انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر  خصوصی سیل قائم کریں گے جو نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی فوری نشاندہی  کرے گا
محرم الحرام کے دوران  اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی ‘ ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی:عظمی بخاری 
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی زیرِ صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی  کے  اجلاس میںتعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور معرکہ حق کے مضامین شامل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں میں بھی معرکہ حق کے پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کی زیرصدارت اجلاس   منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ڈپٹی سیکرٹری فنانس اور ڈائریکٹرلا نے شرکت کی۔کمیٹی نے تعلیمی نصاب اور صبح کی دعا میں حب الوطنی اور نیشنلزم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ معرکہ حق اور قومی جذبے سے متعلق مضامین نصاب کا حصہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ نجی تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی اور معرکہ حق کے حوالے سے وہ سرگرمیاں نہیں ہوئیں جو سرکاری اداروں میں منعقد کی گئیں، جس پر نجی سکولوں میں بھی ایسے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔اجلاس میں فلم فنڈ کے تحت معرکہ حق اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔شرکا کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر سے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی بھی درخواست کی، اور محرم الحرام کے پیش نظر اجلاس میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عظمی بخاری نے ہدایت دی کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر ایک خصوصی سیل قائم کریں گے جو نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی فوری نشاندہی کرے گا اور عوام تک بروقت و درست معلومات پہنچائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔