کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے گردونواح میں روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ پانچ منزلہ رہائشی عمارت جزوی طور پر منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔
حملوں میں رہائشی عمارتوں، سپر مارکیٹ اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس نے اتوار کی شب کیف ریجن کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ دارالحکومت سے تقریباً 45 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے ڈائمر میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے مطابق امدادی کارکنوں نے عمارت کے ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 1978 میں پیدا ہونے والی ایک خاتون اور 2008 میں پیدا ہونے والا ایک نوجوان بھی شامل ہے۔کیف ریجن کے گورنر تیمور تکاچینکو نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک بچے کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا۔ اس سے قبل حکام نے 11 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تھی، جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔ حکام کے مطابق ان افراد سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے تلاش کا دائرہ وسیع کردیا۔
سپر مارکیٹ پر حملہ، 2 افراد ہلاک، 8 زخمی
روسی فضائی حملوں میں کیف ریجن کے دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ شہر وشنووے میں ایک سپر مارکیٹ پر حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔گورنر کے مطابق متاثرہ افراد معمول کے مطابق خریداری کے لیے سپر مارکیٹ آئے ہوئے تھے، تاہم حملے کے باعث یہ معمول کی سرگرمی ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہوگئی۔اسی طرح بیلا تسیرکوا میں ایک نجی گھر پر حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ امدادی اداروں نے متاثرہ مقامات پر کارروائیاں جاری رکھیں۔
یوکرین کا عالمی برادری سے روس کے احتساب کا مطالبہ
یوکرین کے انسانی حقوق کے محتسب دمترو لوبینٹس نے روسی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں یوکرین کے خلاف نسل کشی کی جنگ کا حصہ قرار دیا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی ہلاکتوں پر خاموشی اختیار نہ کی جائے اور روس کو ان حملوں کا جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
روس کا یوکرین کے توانائی کے نظام پر بھی حملہ
دوسری جانب روسی فوج نے یوکرین کے علاقے دنیپروپیٹروفسک میں بجلی کے ایک سب اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔یوکرینی وزیراعظم سرگی کوریتسکی کے مطابق حملے سے بجلی کی فراہمی کے نظام کو نقصان پہنچا ہے، جس سے توانائی کے شعبے کو درپیش مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سردیوں کی آمد اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کے ساتھ روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ایسے حملوں سے بجلی اور حرارت کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث شہریوں کو سرد موسم میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔