گوشت اور مچھلی عام شہریوں کی پہنچ سے باہر

بیف 1600 اور مٹن 3400 روپے کلو فروخت ،مچھلی کی طلب بڑھ گئی
لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر میں مہنگائی کے باعث گوشت اور مچھلی کی قیمتیں عام شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہونے لگی ہیں۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ مچھلی کی طلب بڑھ گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں بلند قیمتوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔مارکیٹ میں مچھلی 450 سے 650 روپے فی کلو جبکہ اعلیٰ کوالٹی کی مچھلی 1200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں گوشت 1600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں یہ 3400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیف اور مٹن سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں اور قصاب من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ ناموں کے باوجود مارکیٹ میں قیمتوں پر م ئوثر کنٹرول نظر نہیں آتا۔ مہنگائی نے روزمرہ خوراک میں پروٹین کی مناسب مقدار شامل کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل در آمد یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں کی نگرانی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔