بلاول کیمئوقف کا خیرمقدم ، گورنر راج ، ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں ووٹ نہ دیں:تحریک انصاف
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے موقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے اورکہا ہے کہ بلاول نیک نیتی ثابت کرتے ہوئے گورنر راج کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں اور گورنر راج اور ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ نہ دیں۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق گزشتہ رو ز اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اراکین نے بلاول بھٹو سے اپنے بیانات پر عملی مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔اراکین تحریک انصاف نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں، ارکان نے پختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور وسائل میں کٹوتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کر لی، صوبے کو آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی رہنمائوں کی سکیورٹی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔