سائبر جرائم سے بچاؤ کے لیے کالجوں میں آگاہی مہم

 طالبات کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ سے محفوظ رہنے کی ہدایات 
 لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کہا ہے کہ سائبر جرائم سے بچوں، بالخصوص بچیوں، طالبات اور خواتین کو محفوظ رکھنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈیجیٹل دنیا کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچاؤ کے لیے نوجوان نسل میں شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنیئرڈ کالج میں خصوصی آگاہی لیکچر کے دوران کیا۔ انہوں نے طالبات کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ، سائبر اسٹاکنگ، سائبر گرومنگ اور نجی تصاویر و ویڈیوز کے ذریعے بلیک میلنگ جیسے جرائم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طالبات اپنی نجی تصاویر، ویڈیوز اور ذاتی معلومات کسی سے شیئر نہ کریں اور نامعلوم افراد سے آن لائن رابطوں میں احتیاط برتیں۔ ہراسانی یا بلیک میلنگ کا شکار ہونے والی خواتین اور بچیاں خوف یا شرمندگی کے باعث خاموش نہ رہیں بلکہ فوری طور پر والدین اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ دریں اثنا، ان کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر انچارج وقاص سعید اور انسپکٹر عاقب جاوید نے فوجی فاؤنڈیشن کالج، بیدیاں روڈ لاہور کینٹ میں آگاہی سیشن منعقد کیا۔ وقاص سعید نے طلبہ و طالبات کو آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل ذمہ داریوں اور سائبر خطرات سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا۔ مقررین نے مشکوک لنکس، غیر معروف ایپلی کیشنز اور اجنبی افراد سے آن لائن رابطوں میں محتاط رہنے کی تلقین کی۔