ویب ڈیسک:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں صوبائی وزیر شافع حسین بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کی اور اس سانحے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ تمام نئی سٹرکوں کو شہداء کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس مطالبے کا مثبت جواب دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں بننے والی تمام نئی سٹرکوں کے نام شہداء سے منسوب کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی جائے گی تاکہ یہ عمل پورے ملک میں نافذ ہو سکے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان شہداء کی قربانیوں کا قرض کبھی بھی نہیں چکا سکتا، اور ان کی قربانیوں کے باعث ہی امن کا قیام ممکن ہوا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر یہ اقدام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ حکومت ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ملاقات کے دوران، چودھری شجاعت حسین اور چوہدری شافع حسین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف 22 برس بعد ون ڈے سیریز میں فتح پر مبارکباد دی۔ شجاعت حسین نے کہا کہ محسن نقوی کی محنت اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور کرکٹ ٹیم اور قوم کو ایسی شاندار فتح کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔