لاہور: سگیاں ٹول پلازہ سے راوی پل کی جانب جانے والی سڑک پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں لوڈر رکشے پر سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ تیز رفتار لوڈر رکشے کے سڑک پر کھڑے ٹرالر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق لوڈر رکشہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر سڑک پر کھڑے ٹرالر سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار دونوں افراد شدید حادثے کا شکار ہوئے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عثمان اور ارسلان کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام نے کارروائی شروع کردی۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث لوڈر رکشے اور ٹرالر کو ڈرائیور سمیت متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی زون سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔حادثے کے بعد ایک بار پھر تیز رفتاری اور سڑک پر کھڑی بھاری گاڑیوں کے باعث پیش آنے والے خطرات کی جانب توجہ مبذول ہوئی ہے۔