لندن(سپورٹس ڈیسک )برطانوی طویل فاصلے تک تیراکی کرنے والے معروف تیراک لیوس پگ نے آبنائے ہرمز میں جنگ کے تباہ کن ماحولیاتی اثرات کو اجاگر کرنے کیلئے سمندر میں 15 کلومیٹر طویل تیراکی مکمل کرلی اور عالمی برادری سے آبی گزرگاہ دوبارہ کھولنے اور سمندری آلودگی صاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔یاد رہے کہ رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کردی تھی اورعلاقے میں موجود بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔غیرملیک خبر رساں ادارے کے مطابق 56 سالہ لیوس پگ نے گزشتہ ہفتے تین روز کے دوران عمان کے ساحلی علاقے کے قریب آبنائے ہرمز کے مختلف حصوں میں تیراکی کی وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے تحت سمندروں کے تحفظ کے لیے خصوصی سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔لیوس پگ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ تیل بردار جہازوں، گیس بردار جہازوں اور دیگر تجارتی بحری جہازوں کو روزانہ حملوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں جنگ کے ماحولیاتی اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ سمندر میں تیراکی کے لیے اترے تو محض آدھا گھنٹہ گزرا تھا کہ چند کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کی تیراکی کے دوران دیگر حملے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں بعض بحری جہازوں میں آگ لگ گئی۔برطانوی تیراک نے عمان کے جزیرہ نما مسندم سے سفر شروع کیا اور کیپ آف ہرمز کے ایک حصے کا چکر لگاتے ہوئے مجموعی طور پر 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔آبنائے ہرمز اپنے تنگ ترین مقام پر تقریبا 39 کلومیٹر چوڑی ہے، جس کے ایک جانب ایران اور دوسری جانب عمان واقع ہے یہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔لیوس پگ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز محض جہاز رانی کا اہم راستہ نہیں بلکہ دنیا کے خوبصورت ترین قدرتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں ڈولفن، سمندری کچھوے اور ڈوگونگ سمیت مختلف آبی حیات پائی جاتی ہیں، جنہیں جنگ اور سمندری آلودگی سے شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پیغام بالکل واضح ہے کہ لڑائی بند کی جائے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے اور سمندر میں پھیلنے والی آلودگی کو صاف کیا جائے۔