حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع، کیس کی سماعت کل ہو گی

لاہور(آن لائن)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع بارے کیس کی سماعت 24 نومبر کو کرے گی جبکہ حماد اظہر نے جیل میں بی کلاس کی سہولت کے لیے اور بیرک اور واش روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے خلاف بھی درخواست دیدی۔ انھوں نے دو الگ الگ درخواستیں جمع کروائیں ۔حماد اظہر نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بیرک میں بیڈ، کرسی اور میز جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں، بیرک میں دو سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو نجی زندگی اور بنیادی انسانی وقار کے منافی ہیں، دونوں کیمرے باتھ روم اور واش روم کی جگہ کو بھی مانیٹر کرتے ہیں۔حماد اظہر نے کہا کہ بیرک میں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی حقِ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں بیرک سے دونوں سی سی ٹی وی کیمرے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزار نے موجودہ سی گریڈ سہولیات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی اور بی کلاس سہولیات کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کی بھی پیشکش کردی۔