ملزم سے ڈنڈا ، پٹرول بم برآمد ہو گیا ،پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے:پراسیکیوٹر
انسداد دہشتگردی قوانین سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کئے جا رہے:سابق وزیر
لاہور (خصوصی رپورٹ )لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی جناح ہائوس حملہ کیس میں ملزم پی ٹی آئی رہنماو سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا مزید 12 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے کیس کی سماعت کی،پولیس نے حماد اظہر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا اورمزید 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ پراسکیوٹر اور تفتیشی افسر نے کہا کہ حماد اظہر جناح ہائوس حملہ کیس میں ملوث ہے، ملزم سے ڈنڈا اور پٹرول بم برآمد ہو گیا ، فوٹو گرامیٹک بھی کرا لیا ،پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے۔ملزم کے وکیل نے کہا پہلے دو بار جسمانی ریمانڈ منظور ہوا ،ایف آئی آر کے مطابق تو حماد اظہر موقع پر موجود ہی نہیں تھے تو ریکوری کیسی۔ حماد اظہر نے عدالت میں بیان دیا کہ سیاسی کیسز ہیں ،انسداد دہشتگردی قوانین کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ، مجھ سے آج تک ایک دن بھی تفتیش نہیں ہوئی،افسران اپنی نوکری کیلئے عوام پر ظلم کر رہے ہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد حماد اظہر کا مزید 12 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دے دیا۔