وفاقی وزیر داخلہ نے رش کے باوجود شہریوں کے لیے بہتر انتظامات کو سراہا، عملے کو شاباش دی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا اور دو گھنٹے تک وہاں آنے والے شہریوں کے مسائل سنے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔محسن نقوی نے بالخصوص بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ بعض شہریوں کی دستاویزات کا پراسیس بھی اپنے سامنے مکمل کرایا۔نادرا سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے سروسز اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب 10 سے 15 منٹ میں باری آ جاتی ہے اور طویل انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دو سال قبل انہیں نادرا سنٹر میں دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ نے رش کے باوجود شہریوں کے لیے بہتر انتظامات کو سراہا اور نادرا سنٹر کی انچارج سمیت عملے کو شاباش دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر موقع پر شہریوں کی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا سنٹر پیکو روڈ پر شہریوں کا فیڈ بیک بہت مثبت تھا، عوام کو تیز رفتار اور بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔