دہشت گرد پاسانی روڈ پشاور میں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے
فتنہ الخوارج نے حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان میں بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا:سکیورٹی ذرائع
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے علاقے متنی میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا کے مطابق مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ ادیزی خوڑ متنی، پشاور میں موجود ہیں، جہاں وہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ایس ڈبلیو اے ٹی (سواٹ) ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے گھات لگائی۔دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوانوں نے اپنے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 1 پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔جب کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہے جبکہ میرعلی کے علاقہ حیدر خیل میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ فتنہ الخوارج نے حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان میں بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا، مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن اور آر پی جی سیون سمیت بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔برآمدہ سامان میں آر پی جی سیون راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا دہشت گردوں کی خطرناک روش ہے جو معصوم شہریوں کی جانوں کیلئے بڑا خطرہ ہے، جدید اسلحہ اور کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ کی برآمدگی دہشتگردوں کے بیرونی روابط اور سپلائی چین کی نشاندہی کرتی ہے، چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز نے میرعلی میں ایک گھر کے اندر فتنہ الخوارج کی بارودی مواد تیار کرنے کی لیب پکڑی تھی۔علماء و مشائخ کے مطابق رہائشی علاقوں میں بارودی ذخائر چھپانا، مساجد کو دہشت گردی کیلئے استعمال کرنا اور معصوم شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے خوارج انسانیت کے دشمن ہیں، ان فتنہ پرور خوارج کا دینِ اسلام سے کوئی واسطہ نہیں