ویب ڈیسک:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی چمچماتی ٹرافی کراچی سے لاہور منتقل کر دی گئی ہے، اور اب یہ اگلے مرحلے میں افغانستان لے جائی جائے گی۔
ٹرافی کا لاہور میں شیڈول ٹور ابھی فائنل نہیں ہوا ہے، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹرافی پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پہنچا دی گئی ہے۔چیمپئنز ٹرافی کا کراچی میں تین روزہ ٹور مکمل ہو چکا ہے، جس دوران ٹرافی کراچی کے مختلف مشہور مقامات پر لے جائی گئی تھی تاکہ شائقین کرکٹ اس کا مشاہدہ کر سکیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹرافی کے دورے کی سرگرمیاں جمعہ کے روز شروع ہوئیں اور اتوار تک یہ مکمل ہو گئیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی شیڈول سے دو روز قبل بدھ کو ہی کراچی پہنچا دی گئی تھی، جو اپنے طے شدہ دورے سے پہلے کراچی میں رک گئی تھی۔ اس کے بعد لاہور میں اس کا دورہ شروع ہو گا، جس کے بعد یہ افغانستان منتقل کی جائے گی، جہاں اس کا مزید ٹور کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس دورے کو کرکٹ کے شائقین کے لئے ایک یادگار موقع بنانے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ عوام کی کرکٹ میں دلچسپی بڑھے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے جوش و جذبہ قائم رہے۔