بلوچستان حکومت کا زیارت کو ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ

 اعلیٰ شخصیات کے لیے مختص عمارات اور ریسٹ ہائوسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا،اجلاس میںفیصلہ
میرٹ سے ہٹ کر کسی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی، 2سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرا دیں گے ، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
 کوئٹہ (آئی این پی ) بلوچستان حکومت کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی کے آخری ایام کی رہائش گاہ زیارت کو ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے عالمی اور قومی سطح پر پیشکشیں طلب کی جائیں  ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیارت میں واقع وزیر اعلیٰ انیکسی، چیف سیکرٹری، آئی جی ہائوسز، اعلیٰ شخصیات کے لیے مختص عمارات اور ریسٹ ہائوسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر ورسوخ سے آزاد فعال ایسا ادارہ بنائیں گے، جس میں کوئی سیاسی شخصیت مداخلت کرے گی اور نہ ہی کسی سرکاری بابو کو کمیشن لینے دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر کسی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی اور کوئٹہ، زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختار ادارے کے طور پر کام کرے گی اور اس میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرا دیں گے۔