حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری ‘پاکستان کا برآمدی حصہ قابل قدر بنانے کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی جامع حکمت عملی ناگزیر ہے:وزیراعظم

نوجوانوں کی ملازمتوں کیلئے اقدامات کرینگے شہبازشریف
 مسلم ممالک بلکہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کا برآمدی حصہ بڑھانے کی خاطر خواہ گنجائش  ہے‘ عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن اور دیگر ممالک سے دو طرفہ رجسٹریشن میں حکومت  مدد فراہم کرے گی
 کیش لیس معیشت اور مالی شمولیت  کے فروغ میں راست کا کلیدی کردار ہے‘ ملک بھر کے کاروباری افراد کو راست پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دینے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں:وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت
اقلیتیں پاکستان کے سماجی اور معاشی تانے بانے کا اہم حصہ ہیں‘ آئین  انہیں مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے:‘وزیراعظم کی اقلیتی ارکان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دیدی جبکہ حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان، وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم نے حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی ، پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدی مارکیٹ بڑھانے کے لیے قائم کردہ پیداوار کمیٹی ، کولڈ سٹوریج اور دیگر عوامل کو بہتر بنانے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ممالک اور دنیا بھر کی حلال گوشت کی مارکیٹ میں پاکستان کا برآمدی حصہ قابل قدر بنانے کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومت کی ہم آہنگی سے بنائی گئی جامع حکمت عملی ناگزیر ہے،لائیو اسٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق اور علاقائی پیداواری مقدار کی مسابقت میں بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، حلال گوشت کی پیداواری اور غذائی قدر میں اضافے کے لیے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نہ صرف مسلم ممالک بلکہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کا برآمدی حصہ بڑھانے کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے،ملک میں موجودمذبحہ خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن اور دیگر ممالک سے دو طرفہ رجسٹریشن میں حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی‘دریں  اثناء وزیراعظم نے راست  کے بورڈ ممبران سے ملاقات میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددی اور کہا ہے کہ  اُمید ہے کہ قومی اہمیت کے حامل اس ادارے کو مزید بہتر انداز میں چلایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  کیش لیس معیشت اور مالی شمولیت  کے فروغ میں راست کا کلیدی کردار ہے‘ ملک بھر کے کاروباری افراد کو راست پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دینے کی کوششیں مزید تیز کی جائیں۔علاوہ ازیں محمد شہبازشریف کی قومی اسمبلی کے اقلیتی ارکان کے وفد سے ملاقات ہوئی۔وفد میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی ، ڈاکٹر درشن، نیلسن عظیمش اصفہان بھنڈارا ، محترمہ نیلم، سنجے پروانی، رمیش کمار، نوید عامر اور رامیش لعل شامل تھے۔ملاقات میں ملک میں اقلیتوں کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں ان کے مؤثر کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی اور معاشی تانے بانے کا اہم حصہ ہیں اور آئینِ پاکستان انہیں مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی اور تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے