میرا اڈیالہ سے کوئی رابطہ نہیں،خیبرپختونخوا حکومت ہم پر حملہ آور ہورہی ہے‘کسی بھی قسم کے جا نی نقصان کے ذمہ دار اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے ہونگے:محسن نقوی
کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، عوام اور ریاست دونوں احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کرینگے‘بشری بی بی کے سعودی عرب پر الزامات شرمناک ہیں‘ یہ لوگ خود کومذہب کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں:خواجہ آصف
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے اڈیالہ سے کوئی رابطہ نہیں، ہم قانون کے پابند ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر سب نے پڑھ لیا، اسلام آباد میں کسی کو بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں دیں گے، 24نومبر کے احتجاج کے لیے کسی نے کوئی درخواست نہیں دی۔ جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر 100فیصد عملدرآمد کریں گے۔اس سوال پر کہ حتجاج کو روکنے کی کوشش کے دوران ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کا ذمے دار کون ہوگا؟ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں مانگی گئی، لوگ اپنی سیاست کے لیے امریکا اور سعودی عرب کو بیچ میں لے آئے۔کسی قسم کا جانی نقصان ہوا تو ذمہ دار وہی ہوں گے جو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرکے آرہے ہیں، ذمہ دار وہ ہوں گے جو دھاوا بولنے آرہے ہیں۔ عدالتی حکم کے بعد کسی مارچ، دھرنے کی اجازت نہیں۔ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے، 18ویں ترمیم کے بعد امن وامان کی ذمہ داری وفاق پر نہیں، خیبرپختونخوا حکومت خود ہم پر حملہ آور ہورہی ہے۔دریں اثناء وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا ہے ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافذ کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے عمران خان حکومت کے خاتمے میں مبینہ غیر ملکی سازش کے حوالے سے دعو ے اور سعودی عرب پر الزامات شرمناک اقدام ہے، متنازع بیان دے کر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات پر وار کیا گیا ۔ سعودی عرب کیساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں، پچھتر سال کی تاریخ گواہ ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں، ہر بحران میں پاکستان کی مدد کی ہے۔سعودی عرب میں 28 لاکھ پاکستانی روزگار کمارہے ہیں اور وہاں سے اربوں روپے کی ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں‘ سیاست بچانے کیلئے دوست ملک الزامات انتہائی گھٹیا حرکت ہے، بشری بی بی نے متنازع بیان سیاست کی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے مذہبی دیوالیہ پن کا بھی مظاہرہ کیا گیا، یہ لوگ خود کومذہب کا ٹھیکدار سمجھتے ہیں، بیان میں قابل اعتماد شخص کی طرف اشارہ کیا گیا۔بشری بی بی اپنے آپ کو شریعت کہہ رہی ہیں۔ اگر بشری بی بی شریعت ہے تو اللہ ہی حافظ ہے