6 ماہ فون پر بار بار رابطے کی کوشش کی مگر جواب نہ دیا‘ نہ ہی میرٹ کے حوالے سے مشاورت کرتی ہیں
پیپلز پارٹی مائنس ہو جائے تو وزارت عظمی قائم نہیں رہ سکتی :نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر‘ایجنسیاں)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بادشاہ بن گئی ہیں، نہ ہی کبھی فون کیا اور نہ ہی میرٹ کے حوالے مشاورت کرتی ہیں، اب مریم نواز سے نہیں ملوں گا۔ انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ن لیگ سے ہمارا اتحاد محبت کا نہیں مجبوری کا ہے، حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود ہم سے مشاورت نہیں کی جاتی‘ اگر پیپلز پارٹی مائنس ہو جائے تو ن لیگ کی وزراتِ عظمیٰ قائم نہیں رہے گی، پنجاب میں معاملات میرٹ پر نہیں چل رہے۔ بطور اتحادی ہم سے مشاورت کی جائے، خود وزیر اعلیٰ سے ملنے گیا اور انہیں باور کروایا کہ بطور اتحادی پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کو کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے بتایا 6 ماہ فون پر بار بار رابطے کی کوشش کی مگر زیرو رسپانس آیا، اس لیے اب مریم نواز سے نہیں ملوں گا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں اب ڈیڈ لاک پیدا ہو چکا ہے، اپنی قیادت کو پنجاب کی صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں ن لیگ کے ساتھ حکومت میں اتحاد کا تجربہ تلخ تھا، تحریری معاہدے اور مشاورتی کمیٹیاں تشکیل دینے کے باوجود کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا۔