طلبہ کیلئے ملازمتیں ،پنجاب یونیورسٹی کے ملوں سے معاہدے

معاہدوں سے طلباو طالبات کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے:وی سی 
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیو ٹ آف پولیمر اینڈ ٹیکسٹائل انجینئرنگ اور مرجان پولیمرانڈسٹری، اوشن پینٹس، رون ایکسٹروڑز انجینئرنگ کے درمیان انڈسٹری و اکیڈیمیاکے درمیان روابط کو مضبوط کرنے ، مقامی صنعت کو فروغ دینے اور طلبا کے لیے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے معاہدے طے پاگئے۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ صنعتوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدوں سے صنعتوں کے ساتھ مل کر مقامی سطح پر اشیا کی تیاری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدوں سے طلباو طالبات کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر یونیورسٹی میں صنعتی پارکس کو فروغ دیں گے۔ صنعتی نمائندوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلباو طالبات کو انٹرن شپ اور روزگار فراہم کریں گے۔ طلبا ایسی تحقیق کریں جس کے نتیجے میں پراڈکٹ بن سکے۔ طلبا میں اینٹریپنورشپس کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔