پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا ٹرولنگ، تنقید اور مشہور شخصیات کے گرد بننے والے تنازعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
ایک حالیہ یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ انہیں عام لوگوں کی تنقید سے زیادہ اس بات پر دکھ ہوتا ہے کہ کچھ افراد اور گروہ مشہور شخصیات کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر اپنی ویوز اور کاروبار چلاتے ہیں۔ان کے مطابق سوشل میڈیا پر بعض لوگ صرف کلک بیٹ اور وائرل مواد کے لیے تنازعات پیدا کرتے ہیں اور اداکاروں کی ذاتی یا پیشہ ورانہ زندگی کو موضوع بنا کر فائدہ اٹھاتے ہیں۔فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اگر عام ناظرین کسی بات پر تنقید کرتے ہیں تو وہ اسے مثبت انداز میں لیتے ہیں اور اپنی بہتری کی کوشش کرتے ہیں، تاہم غیر ضروری اور منفی مہم چلانے والوں کے رویے سے مایوسی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ آج کل ان کا ذکر اکثر انٹرویوز اور سوشل میڈیا مباحث میں رہتا ہے، جس پر وہ اسے اپنی مقبولیت کا حصہ سمجھتے ہیں۔اپنے لباس کے انتخاب پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ زیادہ سخت یا غیر مناسب فیشن کے قائل نہیں ہیں بلکہ سادہ مگر تھوڑا مختلف اور “فنکی” اسٹائل پسند کرتے ہیں۔فہد مصطفیٰ نے کہا کہ لوگوں کو دوسروں کی مقبولیت پر منفی ردعمل دینے کے بجائے اسے مثبت انداز میں لینا چاہیے، کیونکہ ہر شخص اپنی جگہ محنت کر رہا ہوتا ہے۔