رجب بٹ نے فہد مصطفیٰ کی فیملی وی لاگنگ پر تنقید کا جواب دیا

رجب بٹ نے فہد مصطفیٰ کی فیملی وی لاگنگ پر تنقید کا جواب دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا پرسنالٹی رجب بٹ نے ایک بار پھر معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ کی فیملی وی لاگنگ پر تنقید کا جواب دیا ہے۔

رجب بٹ نے اپنے حالیہ پوڈکاسٹ میں فہد مصطفیٰ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر وہی ہوتا ہے جو خود کو قابلِ احترام بناتا ہے اور اپنی عزت خود بناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عزت دیں گے تو عزت ملے گی، لیکن آج کل کا دور ایسا ہے کہ اگر میں کسی نویں جماعت کے طالب علم سے بھی بدتمیزی سے بات کروں، وہ فوراً مجھے خاموش کرا دے گا۔

رجب بٹ کا کہنا تھا کہ سینئرز کو سینئرز کی طرح برتاؤ کرنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ عزت اور احترام کی بنیاد اچھے برتاؤ پر ہے۔ انہوں نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کیا بات ہوئی کہ ہر کوئی اپنی فیملیز کو بیچ رہا ہے؟ آپ کیا کر رہے ہیں؟ آپ خودغرض ہیں جو اپنی نہیں دوسروں کی فیملیز کو بیچ رہے ہیں۔"

فیملی وی لاگنگ پر سوالات:
پوڈکاسٹ کے دوران، میزبان نے رجب بٹ اور فہد مصطفیٰ کے کانٹینٹ میں فرق پر سوال کیا، تو رجب بٹ نے جواب دیتے ہوئے کہا، "اگر ایسی بات ہے تو پھر ڈرامے صرف ٹی وی چینلز پر کیوں نہیں دکھائے جاتے؟ آپ انہیں اپنے یوٹیوب چینلز پر کیوں اپلوڈ کرتے ہیں جن کے 60، 70 ملین سبسکرائبرز ہیں؟ اگر آپ یہ کرتے ہیں، تو یہ آپ کا کام ہے، لیکن اگر ہم کرتے ہیں تو ہم اپنی فیملیز کو بیچ رہے ہیں؟"

فہد مصطفیٰ کی باتوں پر حیرانی:
رجب بٹ نے انکشاف کیا کہ وہ خود ڈرامے زیادہ نہیں دیکھتے، مگر فہد مصطفیٰ کا شو 'جیتو پاکستان' انہیں بہت پسند تھا۔ تاہم، فہد مصطفیٰ کے بیان کو سن کر وہ حیران رہ گئے اور کہا کہ "ایک سینئر کی طرف سے ایسی بات سن کر وہ میرے دل سے اُتر گئے"۔

تنازع کی ابتدا:
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب فہد مصطفیٰ نے فیملی وی لاگرز پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ویوز کے لیے اپنے خاندانوں کو "بیچ" رہے ہیں اور پیسہ کما رہے ہیں۔ فہد مصطفیٰ کے اس بیان پر رجب بٹ نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کو عزت نہیں دے سکتے جو سینئر ہونے کے باوجود اپنے کام میں پیشہ ورانہ رویہ نہیں اپناتے۔

رجب بٹ کی موقف:
رجب بٹ نے اپنے موقف میں کہا کہ وہ اپنے مواد پر خود کام کرتے ہیں اور دوسروں کے ذاتی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوبز کی دنیا میں کئی لوگ دوسروں کے خاندانوں کا استعمال کر رہے ہیں، اور یہ کام کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کام میں پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں۔

دیگر شخصیات کی مداخلت:
یہ تنازع اس قدر طول پکڑ گیا کہ فہد مصطفیٰ کی خاموشی کے باوجود، شمعون عباسی، فیصل قریشی اور فیضان شیخ جیسے کئی لوگ رجب بٹ کے خلاف میدان میں آ گئے اور ان کے تبصروں کا جواب دیا۔ اس صورتحال نے سوشل میڈیا پر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں آیا ہے۔